۱۳ آذر ۱۴۰۳ |۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 3, 2024
انجمنِ شرعی شیعیان کے تحت ایام فاطمیہ کی مناسبت سے تیسری مجلسِ عزاء

حوزہ/ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے تحت ایام فاطمیہ ؑ کی مناسبت سے تیسری مجلسِ عزاء مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوئی، جس میں مؤمنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جبکہ صدر انجمنِ شرعی شیعیان نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی سیرتِ طیبہ پر سیر حاصل گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر انجمنِ شرعی شیعیان حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے خاتون جنت، سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی سیرتِ پاک کی پیروی کو ایک صالح معاشرے کی تشکیل اور سماجی بدعات کے سدباب کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سماج یا معاشرے کے بناؤ اور بگاڑ میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے اور خواتین جس قدر بااخلاق، دوراندیش اور فرض شناس ہوں اُس قدر معاشرے کی اصلاح کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

سیرتِ فاطمہؑ پر عمل؛ صالح معاشرے کی تشکیل اور سماجی بدعات کے سدباب کا ذریعہ

آغا سید حسن صفوی نے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ایام فاطمیہؑ کی مناسبت سے منعقدہ عظیم الشان مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مہذب اور ترقی یافتہ دنیا ابھی تک خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ اسلام نے عورت کے تحفظ کے لیے جس ضابطے کا تعین کیا ہے، اگر دنیا اُس پر عمل پیرا ہونے کے لیے آمادہ ہو جائے تو یقینی طور پر صنف نازک کے مقام اور منزلت اور تحفظ کے تقاضے پورے کیے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جناب فاطمہ الزہراؑ کی سیرت صرف خواتین ملت کے لیے ہی مشعل راہ نہیں، بلکہ ہر قوم و ملت کی خواتین آپؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر اپنی عظمت اور مقام و منزلت کو بڑھا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آغوش زہراؑ اسلام کی سربلندی کی ایسی تربیت گاہ ہے جو رہتی دنیا تک اسلام کی سربلندی کیلئے وسائل فراہم کرتی رہے گی۔

اس موقع پر آغا سید حسن نے پروفیسر عبد الواحد قریشی سابق وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی اور سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے سانحہ ارتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کی خدمت میں تعزیت پیش کی۔

آغا صاحب نے کہا کہ پروفسیر واحد قریشی ایک ممتاز ماہر تعلیم اور کشمیر یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسر تھے۔

آغا صاحب کہا کہ پروفیسر واحد قریشی کی رحلت سے شعبۂ تعلیم میں جو خلا پیدا ہوا ہے، اس کا پُر ہونا بہت مشکل ہے۔

اس موقع پر آقا سید حسن نے مرحوم کے بلندی درجات اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .